Aaj Logo

شائع 11 جنوری 2023 06:21pm

ملک کیلئے چوک پر بھیک مانگنے پر بھی فخر ہونا چاہیے، چوہدری شجاعت

سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین نے جنیوا کانفرنس میں امداد کی اپیل کرنے کے اقدام پر وفاقی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لئجے چوک پر بھیک مانگنے پر بھی فخر ہونا چاہیے۔

ایک بیان میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ کچھ لوگ گدا گری کا الزام لگا کر اپنے آپ کو بڑا سمجھ رہے ہیں، وزیراعظم، وزیرخارجہ کو فقیر کہہ کر پکارا جا رہا ہے، وہ یہ گدا گری پاکستان کے لئے کر رہے ہیں جس پر انہیں فخر ہونا چاہیے۔

سربراہ ق لیگ نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پیسے مانگ رہی ہے، اگر چوک پر بھی مانگنا پڑے تو اس پر انہیں فخر ہونا چاہیے اور اس نیک کام میں ہم بھی ان کے ساتھ شریک ہوں گے۔

شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ادھر ادھر سے چند مثالیں ڈھونڈ کر بیان دیتے ہیں، ایسے لوگوں پر یہ شعر لاگو ہوتا ہے “ تو ادھر ادھر کی نہ بات کر، یہ بتا کہ قافلہ کیوں لٹا، مجھے رہزنوں سےگلہ نہیں، تیری رہبری کا سوال ہے“۔

Read Comments