آئندہ سماعت پر کیا کوئی معجزہ ہو جائے گا؟ جسٹس عامر فاروق کا وکیل سے مکالمہ

توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ملتوی
شائع 12 جنوری 2023 11:30am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے خلاف کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی، چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیا ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی نوٹس کو کئی عدالتوں میں چیلنج کر دیا جائے؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، سماعت ملتوی کی جائے۔

چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہا کہ ایسا ہوتا ہے کہ ایک ہی نوٹس کو کئی عدالتوں میں چیلنج کر دیا جائے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ اس معاملے پر بیرسٹر علی ظفر ہی جواب دیں گے، عدالت سے استدعا ہے کہ آئندہ ہفتے کی کوئی تاریخ دے دیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مسکراتے ہوئے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر کیا کوئی معجزہ ہو جائے گا؟ یہ اچھی چیز نہیں اگر ہم پڑھے لکھے لوگ بھی ایسا کام کریں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔

Read Comments