Aaj Logo

شائع 12 جنوری 2023 02:55pm

عدم اعتماد کے معاملے پر آئینی وقانونی کارروائی کریں گے ، حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہیرا پھیری کرکے اعتماد کے ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا۔ بدترین دھاندلی کے خلاف آئینی اور قانونی آپشن استعمال کیے جائیں گے۔

وزیراعلی پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ پر اپنے بیان میں حمزہ نے کہا کہ رات پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہوا۔ ہیرا پھیری کرکے اعتماد کے ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا۔ پولنگ ایجنٹ مقرر نہ کرکے حکومت نے اپنی بدنیتی اور بد دیانتی ثابت کر دی ہے۔

لیگی رہنما کے مطابق رات کے اندھیرے میں اسمبلی قوائد اور آئین پر شب خون مارا گیا۔ دھوکے سے اسمبلی کارروائی شروع کرکے جعلی گنتی کی گئی۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویزالہی رات گئے 186 اراکین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیابی کے بعد وزیراعلی پنجاب کے منصب پربرقرارہیں۔

گزشتہ شب 12 بجے کے بعد اسپیکرنے ایک بارپھرپنجاب اسمبلی کی کارروائی کا آغازکیا تھا، پرویزالہیٰ پر اعتماد کی قرارداد کے حق میں 186 ووٹ آئے۔ قرارداد میاں اسلم اور راجا بشارت کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

Read Comments