Aaj Logo

شائع 13 جنوری 2023 02:28pm

مسجد نبوی ہنگامہ آرائی کیس میں شیخ رشید بری ہوگئے

مسجد نبوی ہنگامہ آرائی کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ایم این اے شیخ راشد شفیق کو بری کردیا جس کا جوڈیشل مجسٹریٹ فتح جنگ محمد عارف نے ضابطہ فوجداری کے تحت دائر بریت کی درخواست پرفیصلہ سنا دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران بعض افراد نے سیاسی نعرے لگاتے ہوئے ہلڑبازی کی تھی جس پر(ن) لیگی رہنما قاضی طارق نے تھانہ نیو ائیر پورٹ فتح جنگ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

مقدمے میں عمران خان، شیخ رشید احمد، فواد چوہدری، قاسم سوری، مراد سعید اور راشد شفیق و دیگر کے نام توہین مذہب کیس میں شامل تھے تاہم پولیس نے عمران خان سمیت دیگر افراد کے نام مقدمہ سے خارج کر دیئے گئے تھے۔

شیخ رشید نے مقدمہ کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر پولیس نے انھیں مقدمہ میں بے گناہ قرار دیدیا تاہم چالان میں انہیں ملزم ٹھہرائے جانے کے باعث بریت کی درخواست کا سہارا لینا پڑا تھا۔

عدالت نے دو روز قبل دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جوکہ آج سناتے ہوئے شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کو بری کردیا۔

Read Comments