بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کردیا

شہری شام 5 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، الیکشن کمیشن
شائع 15 جنوری 2023 03:49pm

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کا پولنگ کے عمل کا وقت بڑھانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہری شام 5 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک ہے، مقررہ وقت کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے کے اندر ووٹرز کو صرف ووٹنگ کی اجازت ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کا وقت نہیں بڑھایا جائے گا، میڈیا ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے ایک گھنٹے بعد نتائج نشر کرنے کا پابند ہے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے پولنگ کا وقت 2 گھنٹے بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ تقریباً پورے کراچی میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی اور سندھ حکومت نے رات کوپولنگ سکیمیں تبدیل کیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے عوام کو گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی تھی۔

Read Comments