Aaj Logo

شائع 17 جنوری 2023 08:07pm

استعفوں کی منظوری اور ڈی نوٹیفائی کرنے پر پی ٹی آئی کا رد عمل سامنے آگیا

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 35 اراکین کے استعفے منظور کیئے جانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

ایک بیان میں نائب صدر تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت نے استعفوں کے مطابق طریقہ کار طے کیا تھا جس پر اسپیکر نے رضامندی ظاہر کی تھی۔

شاہ محمود نے کہا کہ اسپیکر نے ہمارے استعفوں پر اعتراض عائد کیا تھا کہ استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں، ہم نے خط لکھ کر ملاقات کے لئے کہا تو راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا ایک ایک کو بلاکر تصدیق اور مظوری کے معاملے پر مشاورت کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا غیر جانبداری کا معیار بتدریج کم ہورہا ہے، استعفے منظور کرنے ہیں تو سب منظور کریں، استعفوں کی سلیکشن بدنیتی پر مبنی ہے۔

دوسری جانب فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو معلوم ہوا اپوزیشن لیڈر کو فارغ کرنے والے ہیں تو انہوں نے بدنیتی سے 35 استعفے قبول کرلیئے، ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے ڈی نوٹیفائی بھی کردیا۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 123 میں سے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلئے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی بھی کردیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے تمام 123 استعفے منظور کیئے جانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

Read Comments