Aaj Logo

شائع 18 جنوری 2023 01:40pm

پشاور ہائیکورٹ بار کا لطیف آفریدی قتل کا مقدمہ لڑنے کا فیصلہ

پشاورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا معروف قانون دان لطیف آفریدی کے قتل کا کیس لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس ضمن میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے لطیف آفریدی کیس کے لئے وکلاء کی 6 رکنی ٹیم ترتیب دے دی۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے 6 رکنی ٹیم کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، اس میں عبدالفیاض، حسین علی، بیرسٹر عامر چمکنی، شبیر حسین گگیانی، محمد سعید خان اور اسفند یار شامل ہیں۔

پشاورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے مطابق وکلاء کی یہ ٹیم ٹرائل کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک کیس کی پیروی کرے گی۔

واضح رہے کہ 16 جنوری 2023 کو سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کو پشاور ہائیکورٹ کے بار روم میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

زخمی سینئر قانون دان کو وکلاء نے اٹھا کر گاڑی میں ڈالا اور اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا تھا۔

گزشتہ روز پشاور کی عدالت نے عبدالطیف آفریدی قتل کیس کے ملزم عدنان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

Read Comments