Aaj Logo

شائع 20 جنوری 2023 10:43am

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرر ی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرر ی کے لئے اسپیکر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ،کمیٹی میں اپوزیشن کی جناب سے ملک احمد، ملک ندیم کامران، حسن مرتضیٰ جبکہ حکومتی ٹیم میں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت شامل ہیں۔

اسپیکر کی پارلیمانی کمیٹی آج سر جوڑ کر بیٹھے گی، کمیٹی کا اجلاس سہہ پہر 3 بجے پنجاب اسمبلی میں ہوگا، جس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے بھیجے گئے ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔

کمیٹی کے پاس متفقہ طور پر نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کا اختیار آج رات تک ہے، رات 10 بج کر 10 منٹ تک کمیٹی فیصلہ نہ کرسکی تو معاملہ الیکشن کمیشن میں جائے گا، جس کے بعد الیکشن کمیشن دونوں جماعتوں کے ناموں میں سے ایک کو نگراں وزیر اعلیٰ تقرر کرے گا۔

حکومت کی طرف سے احمد نواز سکھیرا، ناصر کھوسہ اور نصیر خان کے نام بھیجے گئے تھےجبکہ ناصر کھوسہ نے انکار کردیا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اسپیکر کمیٹی کو نئے نام بھیج دیے ہیں،نئے ناموں میں احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ شامل ہیں جبکہ اپوزیشن کی طرف سے محسن نقوی اور احد چیمہ کے نام شامل ہیں۔

اپوزیشن نے حکومت کی طرف سے بھیجے گئے نئے ناموں پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ بھیجے گئے ناموں میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔

ذرائع کے مطابق معاملہ اسپیکر کی کمیٹی میں حل نہیں ہوگا، نگراں وزیر اعلیٰ کا تقرر الیکشن کمیشن کرے گا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب الیکشن کمیشن کے نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر پر اعتراض کرچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری پر عدالت سے رجوع کریں گے۔

Read Comments