Aaj Logo

شائع 20 جنوری 2023 11:42am

چیف سلیکٹر کیلئے رابطہ نہیں کیا گیا، آفر ہوئی تو دیکھوں گا، انضمام الحق

سابق کپتان انضمام الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے حق میں میدان میں آگئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ چیف سلیکٹر کے لئے مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا ، اگر کوچ یا چیف سلیکٹر کی آفر ہوگی تو دیکھوں گا۔

سابق کپتان نے بابر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی پر پریشر ہو تو اس کی پرفارمنس متاثر ہوتی ہے، بابر کی تینوں فارمیٹ میں پرفارمنس بہترین ہے، اس پر پریشر نہیں ہے لیکن کپتانی وقت کے ساتھ ہی آتی ہے، بابر کو مزید کپتانی کا موقع ملنا چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں سے متعلق پاکستان کا مؤقف ہمیشہ مثبت رہا ہے ، افغانستان ہو یا بھارت کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔

انضمام الحق نے کہا کہ غیر ملکی کوچ ہی پاکستانی ٹیم کا حل نہیں، پاکستانی کوچز بھی اچھے ہیں، میرے دور میں مکی آرتھر نے بہت اچھا کام کیا تھا اور اب ہمارے کوچز ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اچھا کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی اور لوکل کی بات نہیں جو بھی کرکٹ کھیلا ہوا ہے وہ کوچنگ کر سکتا ہے۔

انضمام الحق نے مزید کہا کہ پشاور سمیت پورے پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہونا چاہیئے، پی ایس ایل کے میچز پورے پاکستان میں ہوں گے تو انٹرنیشنل ٹیمیں مختلف وینیوز پر کھیلنے کے لئے رضا مند ہوں گی۔

واضح رہے کہ انضمام الحق ماضی میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر رہ چکے ہیں۔

Read Comments