Aaj Logo

شائع 24 جنوری 2023 04:42pm

پرائم منسٹر یوتھ بزنس لونز: 5 لاکھ تک کے قرضوں پر سود نہیں لیا جائے گا، وزیراعظم

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کیلئے 5 لاکھ سے 75 لاکھ کی اسکیمیں لائے ہیں، 5 لاکھ تک کے قرضوں پر سود نہیں لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ 5 سے 15 لاکھ روپے کے قرضوں پر 5 فیصد اور 15 سے 75 لاکھ تک پر 7 فیصد انٹرسٹ ہوگا۔ آٹھ سال میں یہ قرضے چکانے ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے، اس کے لئے بڑی مشکل سے وسائل اکھٹے کئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب کے اپنے وسائل سے نوجوانوں کو قرضے دیئے تھے، ہمارے دور میں پنجاب کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمارےنوجوان باصلاحیت ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ نوجوانوں سے قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد تھی، وسائل مہیا کیے جائیں تو ہمارے نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب متحد ہوکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، پاکستان کو بچانے کیلئے سیاست کو قربان کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نواں جائزہ جلد مکمل کرلیں گے، ملک کو آگے بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کو شرائط پورا کرنے کا پیغام دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں جانے سے نقصان ہوگا، آگےبڑھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو بچانے کیلئے ساری سیاسی کمائی خرچ کردوں گا۔ بہت جلد پاکستان کوبحران سے نکال لیں گے، ملک وقوم کومشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرض دیئے جائیں گے، نوجوان ہمارا مستقبل بھی ہیں اور آج بھی۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومت پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز پروگرام شفاف ہونا چاہئے، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کیے جائیں گے، قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی قرض دیئےجائیں گے، قرضے کی حد 44 فیصد بڑھا دی گئی ہے اور زمین کی پی آئی یو ڈی 10 ہزار کردی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یوتھ لونز اسکیم سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

Read Comments