Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 فروری 2023 11:27pm

ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبر کی تردید کردی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی سے متعلق خبر کی تردید کردی۔

ذرائع نے آج نیوز کو بتایا تھا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اپنے سرکاری عہدے کو جلد چھوڑ دیں گے۔

تاہم کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبر کی تردید کردی ہے۔

ایک بیان میں خالد مقبول نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، کامران ٹیسوری پر ہمیں مکمل اعتماد ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں با احسن خوبی ادا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کی جانب سے تجویز کردہ 5 ناموں میں سے ایک کی منظوری دی تھی جس کے بعد کامران ٹیسوری نے 9 اکتوبر کو گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ضم کرنے کی کامیاب مہم چلائی جس کے تحت پاک سر زمین پارٹی اور بحالی کمیٹی نے گزشتہ ماہ متحدہ میں ضم ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

ایم کیو ایم کی تردید سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایم کیو ایم کے ایک اور رہنما کے لئے عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کامران ٹیسوری کی جگہ سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال کا عہدے کے لئے تگڑے امیدوار کی حیثیت سے نام سامنے آیا ہے جس کا اعلان آئندہ چند دنوں میں ہوجائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے 2005 سے 2010 تک میئر کراچی کے طور پر خدمات انجام دیں، اس وقت بانی متحدہ الطاف حسین پارٹی کو کنٹرول کرتے تھے۔

مصطفیٰ کمال نے مارچ 2016 میں الطاف حسین کے خلاف بغاوت کی تھی اور اس کے تین ماہ بعد بانی متحدہ ریاستی اداروں کے خلاف بیان دینے پر پارٹی کا کنٹرول کھو بیٹھے تھے۔

متحدہ دھڑوں کے انضمام کے بعد مصطفیٰ کمال کو پارٹی کا سنیئر نائب کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جب کہ ان کے پی ایس پی کے ساتھی انیس قائمخانی ڈپٹی کنوینئر بن گئے ہیں۔

Read Comments