عدالت جانا مناسب نہیں، اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تبدیل کریں گے، فواد

جنرل باجوہ نے چار اعترافات کیے، پی ٹی آئی رہنما
شائع 10 فروری 2023 04:44pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ایک بار پھر عدالت جانے کے بجائے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی میں جا کر اپوزیشن لیڈر تبدیل کریں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف فرار ہوگئے اور کل قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا، ہم اسمبلی میں جاکراپوزیشن لیڈرتبدیل کریں گے جب کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاچیئرمین بھی پی ٹی آئی کا ہوگا، البتہ ہرمعاملے میں عدالت جانا مناسب نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جاوید چوہدری کے ساتھ انٹرویومیں جنرل باجوا نے4 اعترافات کیے ہیں، ترک حکومت نے شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو شٹ اپ کال دی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم تمام دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات کے حامی ہیں، اس حکومت کی ساکھ ختم ہوگئی، لہٰذا پاکستان کی حکومت کا فیصلہ پاکستانی عوام کریں گے۔

عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدے اور ملکی معیشت سے متعلق سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا پچھلے 9 مہینے میں وہ حال ہوا ہے جو سب کے سامنے ہے، ہماری معیشت 6 فیصد سے بڑھ رہی تھی، البتہ معلوم نہیں آئی ایم ایف کے ساتھ ان کا معاہدہ ہوتا ہے یا نہیں۔

لیگی رہنما کی بات پر اتفاق کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اور کیپٹن صفدر نے جوباتیں کی ہیں ان میں وزن ہے، ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے۔

Read Comments