دہلی: 15 سالہ لڑکا لفٹ میں گر کرہلاک، بیٹے کو دھکیلا گیا، ماں کا الزام

لفٹ کو بھاری سامان لے جانے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا
شائع 13 فروری 2023 11:47am

بھارت کے شہر دہلی میں فیکٹری کی دوسری منزل سے 15 سالہ لڑکا مبینہ طور پرغلطی سے پھسل کر لفٹ کے شافٹ میں گرنے سے ہلاک ہوگیا۔

افسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والے لڑکے کی شناخت آلوک کے نام سے ہوئی جس کی ماں ایئر کولر بنانے والی فیکٹری میں مزدوری کرتی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ دوپہرتین بجے کے قریب باہری دہلی کے بوانا انڈسٹریل ایریا میں پیش آیا۔

آلوک لفٹ کے قریب کام کر رہا تھا غلطی سے پھسل کر دوسری منزل پر لفٹ کی شافٹ میں پھنس گیا اور جب لفٹ گراؤنڈ فلور سے اوپر آئی تو وہ کچلا جا چکا تھا۔تاہم لڑکے کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

واضح رہے کہ یہ ایک مکینیکل لفٹ تھی جسے بنیادی طور پر بھاری سامان لے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کو اس کی ماں ساتھ لیکرآئی تھی جس نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ اس کے بیٹے کو وہاں موجود ملازمین نے دھکیلا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے کہ آیا لڑکے کو محنت مزدوری کے لئے بلایا گیا تھا اوراگر ایسا ہے تو لیبر قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Read Comments