Aaj Logo

شائع 13 فروری 2023 08:46pm

خواتین کارکنان نے عمران سے جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں دینے کی اجازت مانگ لی

پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنان نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے جیل بھرو تحریک کا حصہ بننے اور رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دینے کی اجازت مانگ لی۔

عمران خان سے خواتین قائدین و کارکنان کے وفد نے زمان پارک میں ملاقات کی۔ خواتین نے جیل بھرو تحریک میں صفِ اوّل میں کردار ادا کرنے اور گرفتاریاں دینے کا حلف اٹھایا۔

ملاقات میں خواتین قائدین کا کہنا تھا کہ قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں تحریک میں قائد کے شانہ بشانہ ہیں، 25 مئی کے لانگ مارچ میں خواتین نے ریاستی جبر کا سامنا کیا، لہٰذا ہم ہمیشہ کی طرح جیل بھرو تحریک میں بھی صف اوّل میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے خواتین کارکنان کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا پرامن جمہوری جدوجہد کے ہر مرحلے پر خواتین کارکنوں نے نہایت مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے خواتین کارکنان کو ہدایت کی کہ قومی سطح پر ذہن سازی اور سیاسی مکالمے میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے، خواتین کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام گھر گھر لیکر جائیں اور قوم کو قانون کی بالادستی کے لئے تیار کریں۔

Read Comments