Aaj Logo

شائع 16 فروری 2023 11:09am

سعودی خاندان کا 45 سال تک کام کرنے والے پاکستانی کوشاندار الوداع

سعودی عرب میں 45 سال تک کام کرنے والے پاکستانی شہری مقبول احمد کو خصوصی تقریب میں پورے اعزاز کے ساتھ الوداع کہا گیا۔

قصیم کے رہائشی ناصرسلیمان الجربوع کے خاندان نے اپنے زرعی فارم میں 45 برس تک کام کرنے والے پاکستانی مقبول احمد کوشاندار الوداعیہ دیا۔ جس میں خاندان کے تمام افراد شریک ہوئے۔

یہ خبر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی ٹوئٹر پرشیئرکی۔

نواف بن سعید المالکی نے اپنی ٹویٹ میں تصاویر شیئرکرتے ہوئے لکھا، ’ قصيم کے علاقے میں سعودی خاندان اپنے پاکستانی مكفول مقبول کو 45 سال بعد خصوصی اورقابل قدر تقریب میں الوداع کہہ رہا ہے جو تعریف اور وفاداری کی عکاسی کرتا ہے’۔

پاکستان میں سعودی سفیرکے مطابق ان کے خوبصورت معاشرے کا یہ اقدام حیران کن نہیں ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاندان نے مقبول احمد کی خدمات کوسراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ اورتحائف دیے اور ان کے ساتھ گزرے لمحات کی یادیں تازہ کیں۔

سعودی خاندان کے ناصرالجربوع کے مطابق مقبول احمد 45 برس قبل 38 سال کی عمرمیں ان کے زرعی فارم میں آئے تھے اور انہوں نے بریدہ کے زرعی فارم میں انتہائی اخلاص وسنجیدگی سے کام کیا۔

مقبول احمد زرعی فارم میں آبپاشی، کاشتکاری،مویشیوں اورمرغیوں کی افزائش سمیت خاندان کے افراد کیلئے کھانا تیارکرنے کے علاوہ بچوں کی دیکھ بھال بھی کرتے تھے۔

ناصرالجربوع کے مطابق ، ’مقبول احمد ہمیشہ نرمی سے پیش آئے۔ وہ ہمارے خاندان کے وفادار دوست ، نیک بیٹے اور مشفق بھائی رہے اوراب 86 برس کی عمر مین اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔ اس تمام عرصے میں ہم نے ان کے اخلاص و ایثار اورحسن سلوک میں کوئی کمی نہیں پائی‘۔

سعودی خاندان کے ایک اور فرد راشدالرقیبہ نے بتایا کہ مقبول احمد سعودی عرب آئےتو میں پیدا بھی نہیں ہوا تھا۔ انہیں ہمیشہ بطور خاندان کا فرد دیکھا۔

Read Comments