Aaj Logo

شائع 19 فروری 2023 08:38am

گورنر سندھ کی صدر مسلم لیگ (ق) سے ملاقات، اہم امور پر بات چیت

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی ہے۔

گورنر سندھ اور مسلم لیگ ق کے صدر کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نمٹ سکتی، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مملکت خداداد کو بحرانوں سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ملک کے معاشی چیلنجز اتحاد و اتفاق کا تقاضہ کرتے ہیں، یہ سیاست کا نہیں بلکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے مشترکہ کوششوں کا وقت ہے، پاکستان کا استحکام، اس وقت سب سے اہم چیز ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گورنر سندھ کی ملاقات

دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے بھی گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ملاقات ہوئی ، محسن نقوی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔

گورنر سندھ وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کا خیرمقدم کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اوربین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ کراچی پولیس، رینجرز اور پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ہوگا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اتحاد اوراتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ پنجاب کے عوام ہر مشکل وقت میں سندھ کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔

Read Comments