Aaj Logo

شائع 19 فروری 2023 10:58am

”جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں“

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ ٹولہ چاہتا ہے کہ ایف آئی آے اور نیب کی طرح اعلیٰ عدلیہ بھی ان کے تابع ہو جائے، پانامہ رانی اور انکی کنیزیں اعلیٰ عدلیہ کیخلاف ایک منصوبے کے تحت منفی مہم چلا رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ رانی، ان کی کنیزیں اور غلام اعلیٰ عدلیہ کے خلاف ایک منصوبے کے تحت منفی مہم چلا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا اپنی ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ ٹولہ چاہتا ہے ایف آئی آے اور نیب کی طرح اعلیٰ عدلیہ بھی ان کے تابع ہو جائے، لیگی مفرور شخص کو ملک کے لئے نا گزیر قرار دے رہے ہیں لیکن موصوف لندن چھوڑنے کو تیار نہیں۔

مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ ٹولے کو کامیاب کرانے کے لئے پی ٹی آئی کے ہاتھ پاؤں باندھنے کی کوشش ہو رہی ہے، ڈیفالٹ کی بات کرنے والوں کو ملک دشمن کہا گیا، خواجہ آصف کے اعتراف پر کیا کہیں گے؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز ٹھیک کہتی ہیں ان کی حکومت نہیں کیونکہ یہ چوروں اور لٹیروں کی حکومت ہے، قوم کو بتایا گیا کہ بغیر تنخواہ کام کریں گے جبکہ لیگی معیشت کے ارسطو نے 1800 کی بجائے 4500 سی سی گاڑی مانگ لی ہے، ان لوگوں نے پہلے کبھی ملک کیلئے قربانی دی نہ آئندہ قوم ان سے کوئی توقع رکھے۔

Read Comments