شائع 20 فروری 2023 09:15pm

آن لائن لڈو کے جال میں پھنس کر بھارت جانے والی پاکستانی لڑکی وطن واپس پہنچ گئی

انیس سالہ پاکستانی نوجوان لڑکی اقرا جیوانی آن لائن لوڈو کھیلتے ہوئے بھارتی نوجوان ملائم سنگھ کی محبت میں گرفتار ہوئی اور گھر بار چھوڑ کر بھارت روانہ ہوگئی۔ تاہم اب اسے واپس پاکستان بھیج دیا گیا ہے۔

اقرا، ملائم سنگھ سے شادی کرنے کے لیے کھٹمنڈو کے راستے بھارت گئی، بنگلورو میں غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کی۔

بالآخر بنگلورو پولیس نے اسے گرفتار کرکے اتوار کو اٹاری کی زمینی سرحد سے وطن واپس بھیج دیا۔

اقرا آن لائن ایپلی کیشن پر لوڈو کھیلتے ہوئے اتر پردیش کے رہائشی چھبیس سالہ ملائم سنگھ کی محبت کے جنون میں اس قدر پڑی کہ اس کیلئے سرحد لانگنے کا فیصلہ کرلیا۔

اقرا کو ویزا حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا تھا اس لیے اسے ملائم نے مشورہ دیا کہ وہ پہلے نیپال جائیں اور پھر سانولی بارڈر کے راستے غیر قانونی طور پر بھارفت میں داخل ہوں۔

انیس ستمبر کو اقرا کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری، جہاں ملائم نے اس کا استقبال کیا۔

دونوں نے کھٹمنڈو میں شادی کی اور ہند نیپال سانولی سرحد کے راستے بھارت میں داخل ہونے سے پہلے تقریباً ایک ہفتہ وہاں قیام کیا اور بنگلورو چلے گئے، جہاں اقراء نے ایک جعلی ہندو نام راوا کے ساتھ رہنا شروع کیا۔

ملائم کے پڑوسیوں کو اس وقت شک ہوا جب انہوں نے ایک ہندو لڑکی کو اپنے گھر میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی، جس نے ملائم کے گھر پر چھاپہ مار کر اقرا اور اس کا پاکستانی پاسپورٹ برآمد کر لیا۔

اقرا کو بنگلورو پولیس نے گرفتار کیا اور اٹاری بارڈر کے ذریعے پاکستان واپس بھیجنے کے لیے اسے امرتسر لایا گیا۔

Read Comments