پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

عدالت نے 27 فروری تک فریقین سے جواب طلب کرلیا
شائع 21 فروری 2023 11:02am

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کے خلاف احتجاج کے کیس میں اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 27 فروری تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

انسدادِ دشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد حسن عباس نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان اور راجہ خرم عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے کے لئے درخواست دائر کی۔

عدالت نے اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور آئندہ سماعت تک جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہاکہ تحریک انصاف کے نمائندوں کو حق کے لئے آواز اٹھانے پر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ آج ہم نے معزز عدالت سے درخواست کی ہے کہ فیک کیس کو ختم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت کا الیکشن کروانے کا یہ ارادہ نہیں یہ معاملہ آخرکار سپریم کورٹ کے پاس جائے گا۔

Read Comments