شائع 23 فروری 2023 07:46pm

’مردوں کو زیادہ آسانی سے خرچ کرنے پر آمادہ کیا جا سکتا ہے‘

نئی تحقیق میں پتا چلا ہے کہ خواتین کے مقابلے مرد کسی بھی مالیاتی فیصلے میں حاصل ہونے والے فوائد یا نتائج نامعلوم ہونے کے باوجود بڑے ”مالی خطرات“ مول لینے کے لیے زیادہ تیار رہتے ہیں۔

یہ جائزہ امریکی شہر سان ڈیاگو کی کیلی فورنیا یونیورسٹی میں کیا گیا۔

”غیر یقینی فیصلوں میں معلوماتی عمل کاری میں جنسی اختلافات“ کے عنوان سے یہ مطالعہ جریدے ”کوگنیٹو، ایفیکٹیو اینڈ بیہیویورل نیورو سائنس“ میں شائع ہونے کی امید ہے۔

اس جائزے سے معلوم ہوا کہ مرد سرمایہ کاری کے مواقع کی معلومات کو پرامید انداز میں دیکھتے ہیں جبکہ خواتین زیادہ تنقیدی انداز میں سوچتی ہیں اور خطرے سے بچتی ہیں۔

مطالعہ کیسے کیا گیا

یہ مطالعہ آن لائن اور شخصی دونوں طور پر کیا گیا تھا۔

شخصی تجربے میں 200 شرکاء کو بھرتی کیا گیا، جن کی اوسط عمر 20 سال تھی، اور زیادہ تر طالب علم تھے۔ بھرتی ہونے والوں میں 58 فیصد خواتین اور 42 فیصد مرد تھے۔

آن لائن تجربے کے لیے، 274 شرکاء کو بھرتی کیا گیا جن کی اوسط عمر 42 سال تھی۔ ان میں 48 فیصد شرکاء خواتین اور 52 فیصد مرد تھے۔

شرکاء سے کہا گیا کہ وہ نقد رقم کے ساتھ گیمز کھیلیں۔

ایک بیگ سے پوکر چِپ نکالنے کے موقع کے لیے شرکاء سے 10 ڈالر ادا کرنے کو کہا گیا۔

چپس کی دو اقسام تھیں، ایک سرخ جس کا مطلب تھا کہ شریک نے 20 ڈالر جیتے، اور ایک نیلی چپ جس کی کوئی قیمت نہیں تھی۔

کھلاڑیوں کو بیگ میں نیلے اور سرخ چپس کا تناسب معلوم نہیں تھا۔

جب کھیل کے حوالے سے بہت کم معلومات دستیاب تھیں تو مرد اور خواتین دونوں ہی چپ پر جوا کھیلنے کے بارے میں محتاط تھے۔

تاہم، جب تھوڑی سی معلومات جیسے کہ چپس کی قیمت فراہم کی گئیں تو مرد جوا کھیلنے کے لیے زیادہ تیار نظر آئے، یہاں تک کہ یہ بھی بتایا گیا کہ سرخ چپ کی تعداد ان کے حق میں نہیں، تب بھی ان کا فیصلہ نہیں بدلا۔

مالیاتی خطرے کی جانب صنفی رجحان زیادہ تر آبادی کے دیگر عوامل جیسے دولت، عمر، تعلیم اور آمدنی میں یکساں رہا۔

اسسٹنٹ پروفیسر اوما کرمارکر، جنہوں نے اس تحقیق کو منعقد کیا، بتاتی ہیں کہ، “اس تحقیق سے پتا چلتا ہے مرد اور خواتین کم معلومات اور غیر یقینی مالیاتی فیصلوں میں بہت یکساں ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔

تاہم، یہ ایک اہم فرق کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ جیسے جیسے معلومات شامل کی جاتی ہیں، مرد اس کی مناسب تشریح کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ اس رقم کو بڑھانے پر راضی ہو جاتے ہیں جو وہ سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔“

کرمارکر نے کہا کہ ”گمشدہ معلومات واضح طور پر اس تجربے میں مردوں سے زیادہ خواتین کو پریشان کرتی ہیں۔“

”اس طرح، اس تحقیق کا مطلب یہ ہے کہ مردوں کو زیادہ آسانی سے خرچ کرنے پر آمادہ کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ صورتِ حال کے بارے میں متعلقہ معلومات کی دستیابی سے نمایاں طور پر متعلق ہے۔“

تحقیق کے نتائج مردوں اور عورتوں میں نفسیاتی اختلافات اور ان کے ممکنہ کیریئر کے مضمرات کی عکاسی کرتے ہیں۔

Read Comments