Aaj Logo

شائع 28 فروری 2023 12:30pm

عام اتنخابات: الیکشن کمیشن کا آر ایم ایس کے استعمال کی ٹریننگ کے آغاز کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئندہ عام اتنخابات میں رزلٹ مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) کے استعمال کے لئے اہم اقدام اٹھا لیا۔

الیکشن کمیشن نے ملازمین کو آر ایم ایس کے استعمال کی ٹریننگ کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن سے قبل پرانے آر ایم ایس پر ایک دن کی مشق کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن آف خیبر پختونخوا نے تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کو مراسلہ لکھ دیا۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے آر ایم ایس پر فرائض انجام دینے والے آپریٹرز کے لئے فہرست جاری کردی۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق آج صبح 10بجے سے دوپہر2 بجے تک قومی اسمبلی کی 51 نشستوں میں رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کے استعمال کی مشق کی جائے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ آپریٹرز صوبے کی 145 صوبائی نشستوں میں بھی آر ایم ایس مشین کے استعمال کی مشق کرینگے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دی گئی گائینڈ لائنز پر عمل یقینی بنائیں اور مشین میں ڈیٹا انٹری کرتے وقت اگر مسائل کا سامنا ہو تو متعلقہ الیکشن آفیسر رپورٹ کریں۔

مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ اس اہم عارضی مشق کو ترجیح دی جائے اور تجاویز بھی پیش کریں۔ تمام آپریٹرز کو مشق کیلئے یوزرنام اور پاسورڈ بھیج دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمیشنرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنرز کو پہلے ہی پروٹو کولز جاری کی تھیں۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے 23 فروری کو بھی تمام ریجنل الیکشن کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا تھا۔

Read Comments