کیا آپ کو اس تصویر میں کوئی چہرہ نظر آرہا ہے، وجہ کیا ہے؟
ایک فوٹوگرافر نے سمندری لہر کے ایک لائٹ ہاؤس سے ٹکرانے کے منظر کو عکس بند کیا تو نتیجتاً حیران رہ گیا۔
بی بی سی کے مطابق ایان سپروٹ نے ہفتے کو سنڈرلینڈ کے روکر پیئر میں 12 گھنٹے طویل شوٹ کے دوران تقریباً چار ہزار تصاویر لیں۔
نارتھ ٹائنسائیڈ سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ نوجوان نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ (لہر میں) چہرہ پاکر بہت خوش ہیں۔
ایان نے دو سال قبل اپنی فوٹو گرافی شروع کی تھی تاکہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے۔
ایان سپروٹ نے کہا کہ ان کا شوق لہروں اور سمندر کے منظر سے بنی قابل شناخت شکلوں کو پکڑنا تھا، اور جب انہیں اپنی تصاویر کا جائزہ لیتے ہوئے پروفائل میں چہرہ نظر آیا تو انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا۔
تصویر کو اس وقت بڑا ردعمل ملا جب اسپروٹ نے اسے اپنے انسٹاگرام پیج پر اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا، ”کیا یہ پانی کی دیوی ایمفیٹریٹ ہو سکتی ہے، یا ہماری پیاری آنجہانی ملکہ الزبتھ؟“
انہوں نے کہا کہ ”اس (تصویر) نے میری زندگی بدل دی، میں اب ایک مختلف شخص ہوں۔“
انسان کو چیزوں میں چہرے کیوں دکھتے ہیں؟
انسان بے جان اشیاء میں نمونوں، خاص طور پر چہروں کو تلاش کرنے میں چیمپئن ہیں، 1976 میں وائکنگ ون کی مدار میں لی گئی تصاویر میں مشہور ”مریخ پر چہرے“ کے بارے میں سوچیں، جو بنیادی طور پر روشنی اور سائے کی ایک چال تھی۔
لوگ ہمیشہ مختلف چیزوں میں چہرے دیکھتے ہیں اور ان سے مختلف عقائد جوڑ لیتے ہیں۔
اس رجحان کا نام ”فیشل پیریڈولیا“ ہے۔ اور یونیورسٹی آف سڈنی کے سائنس دانوں نے اس معاملے پر تحقیق کر کے کہا ہے کہ اس کی جڑیں نظریۂ ارتقا سے جا ملتی ہیں۔
یونیورسٹی آف سڈنی کے سائنس دانوں نے پایا کہ نہ صرف ہم روزمرہ چیزوں میں چہرے دیکھتے ہیں، بلکہ ہمارا دماغ بھی جذباتی اظہار کے لیے چیزوں پر ردعمل ظاہر کرتا ہے، جیسا کہ ہم اصلی چہروں کے لیے کرتے ہیں۔
یہ مشترکہ میکانزم شاید فوری طور پر فیصلہ کرنے کی ضرورت کے نتیجے میں تیار ہوا ہے کہ آیا کوئی شخص دوست ہے یا دشمن۔
یہ ایسے ہی ہے جیسے انسان رسی کو سانپ سمجھ کر ڈر جاتا ہے کیوں کہ یہ اس کی فطرت میں موجود ہے۔ یہ غلطی ہے، کیونکہ اس میں چیزوں کی شناخت کا عمل ضرورت سے زیادہ فعال ہو جاتا ہے اور انسان ایک بےضرر چیز سے ڈر کر اچھل پڑتا ہے، چہرہ زرد ہو جاتا ہے، دل زور زور سے دھڑکنے لگتا ہے، وغیرہ وغیرہ۔
سڈنی کی ٹیم نے اپنے کام کی وضاحت ایک حالیہ مقالے میں کی ہے جو جرنل پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی بی میں شائع ہوئی ہے۔
سڈنی یونیورسٹی کے سرکردہ مصنف ڈیوڈ ایلیس نے دی گارجین کو بتایا: “ہم ایک ایسی نفیس سماجی نوع ہیں، اور چہرے کی پہچان بہت اہم ہے، آپ کو یہ پہچاننے کی ضرورت ہے کہ یہ کون ہے، کیا یہ فیملی ہے، دوست ہے یا دشمن، ان کے ارادے اور جذبات کیا ہیں؟
چہرے ناقابل یقین حد تک تیزی سے پہچانے جاتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ دماغ ایک قسم کے ٹیمپلیٹ میچنگ طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے ایسا کرتا ہے۔
تو اگر وہ کوئی ایسی چیز دیکھتا ہے جس کی دو آنکھیں ناک کے اوپر منہ کے اوپر نظر آتی ہیں، تو سمجھتا ہے، ’اوہ میں ایک چہرہ دیکھ رہا ہوں۔‘
اس دوران اس سے بعض اوقات اس سے غلطیاں ہوجاتی ہیں، اس لیے چہرے سے مشابہت رکھنے والی چیز اکثر اس ٹیمپلیٹ میچ کو متحرک کرتی ہے۔“