Aaj Logo

شائع 02 مارچ 2023 10:08am

جب کیسز زیر سماعت ہیں تو پھر ختم کریں کیوں لٹکا رہے ہیں؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عامرفاروق نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جب کیسسززیرسماعت ہیں توپھرختم کریں کیوں لٹکا رہے ہیں؟ ان کیسسزکو نمٹائیں ایسا نہ ہوکہ مزید دوسال لگیں

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن میں دیگر سیاسی جماعتوں کی اسکروٹنی سے متعلق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔

فرخ حبیب کے وکیل انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے جواب پر تحریری اعتراض جمع کردیے ہیں۔

جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن ارشد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں مصروف تھا ان کا اعتراض پڑھ نہیں سکا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ بڑی عدالتوں میں جاتے ہیں چھوٹی عدالتوں میں کہاں آئیں گے، کیا دیگر سیاسی جماعتوں کے پارٹی فنڈنگ کیسسز زیر سماعت ہیں؟

جس پر ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جی پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیسسز زیر سماعت ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جب کیسسز زیر سماعت ہیں تو پھر ختم کریں کیوں لٹکارہے ہیں؟ ان کیسسز کو نمٹائیں ایسا نہ ہوکہ مزید 2 سال لگیں۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔

Read Comments