Aaj Logo

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2023 12:35pm

ڈیڑھ کلو سونا کلائیوں کی زینت بنا کراسمگل کرنے والا گرفتار

مسافروں کی جانب سے ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ عام سی بات ہے لیکن اب ائر لائنزکا عملہ بھی نت نئے طریقے اختیارکرتے ہوئے ایسے کاموں میں ملوث پایا جانے لگا ہے۔

بھارتی ریاست کیرالہ کےشہر کوچی میں ائرپورٹ پر بھارتی ایئرلائنز کے عملے کا ایک رکن بحرین سے سونے کی اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

بحرین سے آنے والے کیبن کریوکے رکن شافی شرف نے اسمگلنگ کیلئے سونا اپنی کلائیوں کے گرد لپیٹ رکھا تھا، تاہم کسٹم حکام نے ائرپورٹ پہنچنے پراسے حراست میں لے لیا۔

اے این آئی کی جاری ایک تصویرمیں دکھایا گیا ہے کہ شافی نے کس طرح اپنے بازوؤں کے اطراف خام سونا لپیٹ رکھا ہے۔

الحرہ ویب سائٹ کے مطابق شافی شرف نے اپنے بازوؤں کے گرد ایک ہزار 487 گرام سونا لپیٹ رکھا تھا، اور اس کا منصوبہ تھا کہ کلائیوں کے اطراف لپٹا سونا شرٹ کی آستین سے ڈھانپ کر کسٹم کلیئرنس کے اس گرین چینل سے گزرے جو کلیئرنس کے لیے کوئی سامان نہ رکھنے والے مسافروں کیلئے مخصوص ہوتا ہے۔

تاہم کسٹم حکام کو اطلاع ملی تھی کہ بھارتی اٍئرلائنز کی بحرین سے کوچی آنے والی پرواز کے عملے کا رکن اپنے ساتھ غیرقانونی طورپرسونا لے کرآرہا ہے، جس کی بنیاد پر شافی شرف کو ائرپورٹ پہنچنے پرگرفتارکرلیا گیا۔

ملزم رات ساڑھے آٹھ بجے کوچی پہنچا تھا جہاں کسٹم حکام نے تلاشی لے کرسونا برآمد کرتے ہوئے اسے گرفتارکرلیا اور دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں اسے کسٹم کے حفاظتی ونگ کے حوالے کردیا گیا۔

Read Comments