Aaj Logo

شائع 15 مارچ 2023 04:50pm

زمان پارک کراچی میں ہوتا تو عمران خان کب کے گرفتار ہوچکے ہوتے، فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ زمان پارک کراچی میں ہوتا تو عمران خان کب کے گرفتار ہوچکے ہوتے، زمان پارک لاہور میں ہے اس لیے وہ اب تک گرفتار نہ ہوسکے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک انتشار کی کیفیت موجود ہے، کراچی کو اس کا حق کیسے ملے گا کوئی حکمران اس پر بات نہیں کرتا، کراچی بااختیار ہوگا تو پاکستان مستحکم ہوگا۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مردم شُماری منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونی چاہیے، سندھ کے کئی دیہاتوں اور قصبوں میں زبردستی آبادی کو بڑھایا جارہا ہے، ہمارا بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست ثابت ہوا، سندھ حکومت نے تریپن یوسیز میں اضافہ کردیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ جن جماعتوں کے پاس شہر کا پندرہ فیصد بھی مینڈیٹ نہیں ان کا میئر کیسے آسکتا ہے، اٹھارہ مارچ کو باغ جناح کا جلسہ شہری سندھ کی سیاست میں ایک نئی روح پھونکے گا۔

Read Comments