Aaj Logo

شائع 16 مارچ 2023 02:17pm

وزیراعظم کی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے پاکستانی مشن کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی ہدایت اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو ملاقات میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ملاقات، مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال

وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ سندھ سے متعلق امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے، سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا، تھر کول منصوبے سے نہ صرف ملک میں توانائی کی ضرورت پوری ہو گی بلکہ علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

وزیراعظم سے گورنر بلوچستان کی ملاقات، انتظامی امور پر بات چیت

دوسری جابب وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے بھی ملاقات کی، جس میں صوبہ بلوچستان کے انتظامی امور پر بات چیت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور فلاح و بہبود وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نا مکمل ہے۔

وزیراعظم سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بھی ملاقات کی۔

ڈاکٹر فوزیہ نے حکومت کی جانب سے بہن کی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور حکومت سے درخواست کی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کے لئے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ کے لئے انصاف کے حصول میں ڈاکٹر فوزیہ کی کئی سالوں سے انتھک کوششوں کو سراہا اور ڈاکٹر عافیہ کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ کی خیریت اور ان کی جلد رہائی کے لئے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔

Read Comments