Aaj Logo

شائع 17 مارچ 2023 10:25pm

آئمہ بیگ نے فیشن میگزین سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیوں کیا؟

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے پہلے پیار سے متعلق اپنے بیان کی بیہودہ سرخی لگانے پر فیشن میگزین کو زرد صحافت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کھری کھری سنادی۔

آئمہ بیگ نے ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے پہلے پیار سے متعلق گفتگو کی تھی جسے فیشن میگزین نے توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا۔

معروف فیشن میگزین نے گلوکارہ کے 4 سال پرانے اس انٹرویو کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اس انداز میں پیش کیا جیسے گلوکارہ نے اپنے بھائی کو اپنی پہلی محبت قرار دیا۔

آئمہ بیگ نے فیشن میگزین کی اس حرکت کو زرد صحافت قرار دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ آئمہ بیگ نے کہاکہ عام طور پر میں اپنے بیان کی وضاحت کے لیے آگے نہیں آتی لیکن میری پبلسٹی کی ٹیم کی نشاندہی پر اس پوسٹ نے میری توجہ حاصل کرلی ۔

انہوں نے کہا کہ میں اس زرد صحافت سے بالکل بیزار ہوں، وہ کیسے عجیب بے شرم نظریے کا پرچار کررہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ وہ کوئی بے شرم ایجنڈا پھیلا رہے ہیں لیکن کم از کم مجھے اس کا حصہ نہ بنائیں۔

تاہم میگزین کی جانب سے اپنی خبر کے درست ہونے پر گلوکارہ نے انٹرویو کی اصل ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے میگزین سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

آئمہ بیگ نے اپنی اسٹوری میں لکھاکہ میں ایسے گھناؤنے حرکت پر سرعام معافی کا مطالبہ کرتی ہوں،مجھ پر گھناؤنا الزام اور اس بے فائدہ اور بیہودہ خبر کے بارے میں ان تمام ناپسندیدہ اور گھٹیا پوسٹوں کو ہٹا دیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر 4 سال قبل انٹرویو کے دوران آئمہ بیگ سےسوال کیا کہ “پہلا کرش(پہلی یکطرفہ محبت) کس پر تھا۔گلوکارہ نے بتایا کہ پہلا کرش، مجھے یاد ہے جب میں 10 سال کی تھی تو میرے بھائی کا دوست تھا، میرے بھائی مجھ سے 7 سال بڑے تھے،ان کے دوست میرےبھی بھائی تھے لیکن مجھے ان پر کرش تھا،ان کی نیلی چمکدار آنکھیں تھیں، میں اس وقت سوچتی تھی کہ یار یہ کیا چیز ہیں، کیا یہ واقعی اصلی ہیں، تو وہ میری پہلی محبت تھے “۔

Read Comments