Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2023 02:47pm

کراچی: کلفٹن کے قریب پائپ لائن سے لیک ہونے والا تیل چوری کا نکلا

کراچی کے علاقے کلفٹن سی ویو کے قریب پارکو کی لائن لیک ہونے والا تیل چوری کا نکلا جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی آفیسرعزیز الرحمان کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، جس میں چوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

کچھ روز قبل شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی پارکو کی لائن کو لیک کرکے تیل چوری کیا جارہا تھا، واقعہ 15 مارچ رات 1 بجے کے قریب پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ چوروں نے پائپ لائن پر لوہے کا کلپ لگایا ہوا تھا اور کلپ کے ساتھ ایک پائپ پریشر پائپ کے ساتھ جڑا ہوا پایا گیا، جبکہ تیل چوری کرنے کے لئے پائپ سیوریج نالے کے اندر سے جارہا تھا، مینٹیننس ٹیم نے کلپ نکال کر سیفٹی کلپ لگاکر پائپ کو نکالا۔

ایف آئی آر کے مطابق سپروائزر جمشید نے سی ویو کلفٹن کے قریب آئل کی بو آنے کی اطلاع دی، جگہ کا معائنہ کیا تو کروڈ آئل کو گرا ہوا پایا جس کے بعد واقعے کی اطلاع مینٹیننس ٹیم کو دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کروڈ آئل کی لائن کیماڑی سے کورنگی تک جارہی ہے۔

آج نیوز نے پارکو کی لائن میں ٹیمپر کی جانے والی تصاویرحاصل کرلیں ہیں جس میں چوروں کی جانب سے لگائے گئے پائپ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے پارکو کی لائن سے آئل چوری کا نوٹس لے لیا اورچوکی انچارج سی ویو سب انسپیکٹر راجہ انتظار کو عہدے سے ہٹاتے ہوئےعہدے میں تنزلی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

ترجمان ڈی آئی جی سائوتھ کے کہا کہ ایس ایس پی ساؤتھ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور تیل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

Read Comments