Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2023 07:35pm

کارکنوں پر تشدد، شیریں مزاری کا اقوامِ متحدہ کے نمائندے کو خط

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے کارکنوں پر تشدد کو جواز بناکر اقوامِ متحدہ کے نمائندے ڈاکٹر ایلس جِل ایڈورڈز کو خط لکھ دیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے اقوامِ متحدہ کے نمائندے ڈاکٹر ایلس جِل ایڈورڈز کو لکھے گئے خط میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی رہائشگاہ پر پولیس حملے اور کارکنوں پر تشدد کی تفصیلات بھجوادیں۔

شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے نمائندے کو لاہور میں جاں بحق کارکن ظلِ شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی ارسال کردی ہے جبکہ عمران خان کے گھر میں توڑ پھوڑ کے مناظر بھی بھجوا دیئے۔

دوسری طرف عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے اور رہنما پی ٹی آئی حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

حسان نیازی کواسلام آباد کی مقامی عدالت میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کیا گیا تھا جہاں ملزم کے وکلا نے حسان نیازی کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا، جبکہ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

دلائل مکمل ہونے پرجوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے حسان نیازی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس ناکے پر مزاحمت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

Read Comments