Aaj Logo

شائع 28 مارچ 2023 07:56am

شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی، وہ مختصر فارمیٹ میں 100 یا زائد وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر ہیں۔

شاداب نے یہ کارنامہ افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں انجام دیا، یہ ان کے کیرئیر کا 87 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل تھا۔

افغانستان کے عثمان غنی عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ ہوکر شاداب خان کا 100 واں شکار بنے۔ اس میچ میں شاداب نے مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ مینز ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر ساتویں بولر ہیں، ان سے قبل ٹم ساؤتھی، شکیب الحسن، راشد خان، اش سودھی، لاستھ ملنگا اور مستفیض الرحمان بھی ٹی 20 انٹرنیشنلز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرچکے ہیں۔

شاداب خان 87 میچز میں 101 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے 97 اننگز میں 98 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سعید اجمل نے 64 میچز میں 85 اور عمر گل نے 60 میچز میں 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ حارث رؤف 57 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اب تک 72 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

Read Comments