Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2023 07:58pm

پارلیمان سے منظور بل عدالت کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان سے منظور بل عدالت کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر وزیراعظم شہبازشریف نے ٹوئٹ کیا۔ جس میں انھوں نے لکھا کہ پارلیمان سے منظور بل سے بنچ کی تشکیل اور آرٹیکل 184(3) کے عمل کو شفاف اور جامع بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ منظور بل سے انصاف کی فراہمی میں معاونت ہوگی اور پارلیمان سے منظور بل عدالت کو ادارہ جاتی طور پر مضبوط کرےگا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عدالتی اصلاحات بل دوہزار تئیس کی منظوری پر ملک بھر کی وکلاء برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ وکلاء برادری سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا ہے۔ ایک ماہ قبل وکلاء نے مجھ سے ملاقات کی تھی اور میں نے ان سے یہ قانون جلد منظور کرانے کا وعدہ کیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وکلاء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، ان کا تحفظ اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، وکلاء برادری کی مزید بہتری کیلے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے بعد اب سینیٹ نے بھی سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 منظور کرلیا ہے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا، جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کی منظوری دی گئی۔

Read Comments