کوہاٹ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر فائرنگ میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی
شائع 03 اپريل 2023 10:54pm

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملہ ہوا جس میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔

کوہاٹ کے علاقے تپی میں نامعلوم افراد نے نماز تراویح کے لئے ڈیوٹی پر جانے والے پولیس کانسٹیبل کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر دم توڑ گئے۔

واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پولیس کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل ایاز دونوں شہداء کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر فائرنگ میں ملوث افراد کی تلاش شروع کردی۔

Read Comments