Aaj Logo

شائع 06 اپريل 2023 06:27pm

ضد پر الیکشن کرائے تو یہ ملک کو خون میں نہلانے والی بات ہوگی،وزیرداخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فوج کی سیکیورٹی اور دیگر ضروری لوازمات پورے کیے بغیر الیکشن کرانا ایسا ہے جیسے ملک کو خون میں نہلانے والی بات۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے سپریم کورٹ کے الیکشن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فرد واحد کی ضد پر اڑے رہنے کی بات درست نہیں، بڑی عاجزی سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کسی کی ضد پر ضد نہ کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وکلاء نے قانون اورآئین کی حکمرانی میں اہم کردار ادا کیا، اس وقت متنازع الیکشن کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، ن لیگ ہمیشہ عوام کے مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے، فرد واحد کی ضد کیلئے الیکشن کروایا جارہا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں ٹوٹی نہیں بلکہ توڑی گئی ہیں، کوشش کی جارہی ہے کہ متنازع الیکشن کروایا جائے، الیکشن کی شفافیت پر مجھے بات کرنے کی ضرورت نہیں، الیکشن کمیشن پیسے اور سیکیورٹی مانگ رہا ہے، ریٹرننگ آفسر نہ ہوں تو ملک بھر میں عذر مچے گا، پولنگ والے دن فوج کی سیکیورٹی بھی ضروری ہے، فوج کی سیکیورٹی اور دیگر ضروری لوازمات پورے کیے بغیر الیکشن کرانا ایسا ہے جیسے ملک کو خون میں نہلانے والی بات۔

انھوں نے کہا کہ ملک کو سب سے بڑا نقصان دو متنازعہ الیکشن سے پہنچا ، ایک انیس سو ستر اکہتر کے انتخابات تھے جس کے بعد ملک دو لخت ہوا اور دوسرا الیکشن1977 کا تھا جس نے ملک کو آمریت میں دھکیلا۔ ان دونوں الیکشن سے ملک کو جو نقصان ہوا ہم آج تک اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

Read Comments