Aaj Logo

شائع 10 اپريل 2023 03:25pm

مشرف کو اقتدار سے عالمی طاقتوں نے نکالا تھا، آصف زرداری کا انکشاف

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے وزیراعظم سے بھی درخواست کی ہے کہ اپوزیشن سےمذاکرات کریں۔

آئین کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ35 سالہ سیاسی تاریخ کا گواہ ہوں، میرے والد بھی اسی اسمبلی میں بیٹھے تھے، اور دستور پاکستان پر دستخط کئے تھے، لیکن ہمارے بزرگوں نے جو خواب دیکھا وہ پورا نہ ہوسکا، ذوالفقار بھٹو کو ڈی سیٹ کیا گیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان بنانے والوں میں سے ہیں، اور ہم ہی پاکستان بچائیں گے، ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، آئین کو کچھ نہیں ہوا، کسی کو آئین سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے، جاپان دیوالیہ ہوا، ارجنٹینا دیوالیہ ہوا لیکن آج وہ کہاں کھڑےہیں، دیوالیہ ہونے سے کچھ نہیں ہوگا، ایسی کوئی چیزنہیں جو پاکستان نہیں کرسکتا۔

سابق صدر نے کہا کہ دوستوں کو دشمن بنانے کی سازشیں ناکام ہوں گی، یہ پہلی دفعہ نہیں کہ کورٹ نے نوٹس دیا ہو، ہمارے دور میں کسی کی بیٹی، بہو کو جیل میں نہیں ڈالا گیا، میری بہن کو جیل میں ڈالا گیا اس وقت نوٹس کیوں نہیں ہوا، ہم نے کبھی مذہب کوسیاسی کیلئے استعمال نہیں کیا، میرے پاس راز ہیں، کچھ بتاسکتا ہوں اور کچھ نہیں، مجھے کالعدم تنظیموں کی جانب سےخطرات ہیں۔

آصف زرداری نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن آئے اور وزیراعظم سے مذاکرات کرے، اور وزیراعظم کو بھی درخواست کروں گا کہ اپوزیشن سے مذاکرات کریں، لیکن مذاکرات سے پہلے کوئی شرائط نہ رکھی جائیں، ڈائیلاگ کی اتھارٹی وزیراعظم کے پاس ہے۔

سابق صدر نے بتایا کہ بی بی (بے نظیر بھٹو) نے کہا کہ میں مشرف سے کیسے بات کروں، انہوں نے کہا کہ میراخاوند جیل میں ہے، پھر انہوں نے امریکا سے بات کی، اور پھر عالمی طاقتوں نے مشرف کو اقتدار سے نکالا۔

Read Comments