Aaj Logo

شائع 14 اپريل 2023 04:11pm

آزاد کشمیر اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب نہ ہوسکا

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہوسکا

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس میں ارکان کی تعداد انتہائی کم تھی، کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں۔

اجلاس میں اپوزیشن کے 9 ارکان شریک ہوئے جبکہ کوئی حکومتی رکن شریک نہ ہوا۔ اپوزیشن کی جانب سےکورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کے بعد اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

آزادجموں کشمیرقانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونا تھا تاہم اب ہفتہ کو اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب متوقع ہے۔

اسمبلی اجلاس سے کچھ دیر پہلے تک قائد ایوان کے انتخاب کیلئے انتخابی شیڈول بھی جاری نہ ہوسکا تھا، حکمراں جماعت کے 3 دھڑوں کی جانب سے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چوہدری رشید کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین نامزد کیے گئےہیں۔

وزارت عظمیٰ کی کرسی سنبھالنے کیلئے27 ووٹ درکار ہیں۔ 52 ارکان کےایوان میں حکمران اتحاد کو 32 اور متحدہ اپوزیشن کو 20 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

واضح رہے کہ 11 اپریل کو وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں ہائی کورٹ نے نااہل قرار دے دیا تھا۔

Read Comments