Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 اپريل 2023 08:15pm

سیاسی بحران میں کمی کا امکان، عمران خان حکومت سے مذاکرات کیلئے راضی ہوگئے

لاہور: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی تناؤ کے معاملے پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق مفاہمت کے محاذ پر سرگرم ہوگئے۔

سراج الحق نے وفد کے ہمراہ زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کی جس میں لیاقت بلوچ اور امیر العظیم بھی موجود تھے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سراج الحق نے عمران خان کو بحران کے خاتمے کے لئے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے پورے ملک میں ایک ہی وقت میں انتخابات موزوں ہوں گے، سیاسی و آئینی بحران کو حل کرنے کیلئے تمام جماعتوں کو مل بیٹھنا ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سراج الحق نے عمران خان کو حکومت سے مذاکرات کرنے کی دعوت دی جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی۔

خیال رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے آج وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

Read Comments