Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2023 11:51am

ادارے تباہ کردیئے گئے اور معیشت زمیں بوس ہو چکی، عمران خان

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ ادارے تباہی کے گھاٹ اتارے جا چکے اور معیشت زمیں بوس ہو چکی ہے۔

ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ علی زیدی اور علی امین گنڈا پور کو جس طرح سے جعلی پرچوں کے تحت حراست میں رکھا جا رہا ہے وہ نہایت قابلِ مذمت ہے اور ہمیں خدشہ ہے ان دونوں کو اعظم سواتی اور شہباز گل کی طرح زیرِ حراست تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجرموں کے ٹولے اور اس کے سرپرستوں نے محض لندن پلان جیسے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے آئین و قانون کی حکمرانی، عدالتی احکامات اور جمہوریت کو مکمل طور پر مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا ہمارے سوشل میڈیا کارکن وقاص امجد کو اغواء کیا گیا اور انہیں رہا کرنے سے قبل شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ادارے تباہ کردیئے گئے، معیشت بھی نیچے آچکی ہے جب کہ عوامی کے بنیادی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔

Read Comments