Aaj Logo

شائع 26 اپريل 2023 10:50am

آسٹریلیا پہنچنے والی امریکی خاتون سے سونے کا پستول برآمد

آسٹریلیا میں سامان سے سونے کا پستول نکلنےپرامریکی خاتون کو گرفتارکرلیا گیا۔ پستول پر 24 قیراط سونے کی تہہ چڑھائی گئی تھی ۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 28 سالہ خاتون لاس اینجلس سے سڈنی پہنچی تھی تاہم فی الحال اس کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی۔

آسٹریلین بارڈر فورس کے مطابق سونے کا پستول ساتھ رکھ کر لے جانے والی خاتون کے پاس اس ہتھیار کا لائسنس موجود نہیں تھا، جدید ٹیکنالوجی نے ایک خطرناک ہتھیار ملک میں داخل ہونے سے بچا لیا۔

خاتون کو پیر کے روز مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے ضمانت مل گئی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو آسٹریلیا میں غیرقانونی طورپر ہتھیار لانے کے کیس کا سامنا کرنا ہو گا جس میں انہیں 10 سال تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

قید کے علاوہ ممکنہ طور پر خاتون کا ویزہ بھی منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک بدر کیا جاسکتا ہے۔

بارڈر فورس کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں ائر پورٹ پر موجود خاتون کے سامان کا سکین دیکھا جاسکتا ہے جس میں بیگ میں موجود پستول بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک اور تصویرمیں بیگ کھولے جانے کے بعد اس میں رکھا سونے کا پستول دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کا شماردنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں اسلحہ سے متلعق جامع قوانین موجود ہیں، یہ قوانین 1996 میں ٹیزمینیا میں ایک مسلح شخص کے ہاتھوں 35 افراد کی ہلاکت کے بعد نافذالعمل کیے گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد تمام آٹومیٹک اور سیمی آٹومیٹک ہتھیار غیرقانونی قرار دیتے ہوئے حکومتی اسکیم کے تحت 6 لاکھ ہتھیار واپس لے لیے گئے تھے۔

دوسری جانب امریکا میں مسافر اپنے سامان میں ہتھیار رکھ کر لے جاسکتے ہیں تاہم طیارے میں سوار ہونے سے قبل اس حوالے سے ائر لائن کو آگاہ کرنا لازمی ہے۔۔ ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق سال 2022 میں امریکی ائر پورٹس پر ہتھیاروں کی ریکارڈ تعداد پکڑی گئی جو 6 ہزار سے زائد رہی۔

Read Comments