Aaj Logo

شائع 29 اپريل 2023 11:44am

مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ آج اجلاس میں کریں گے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت سے جاری مذاکرات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپے اور گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنارہی ہیں، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟ چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں ، اس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر پر حملہ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جاء میں رکھنا اور پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟، عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔

Read Comments