Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 مئ 2023 11:54pm

نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل

قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں 26 رنز سے شکست دیکر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق نے شاندار 90 رنز کی اننگ کھیلی جب کہ کپتان بابر اعظم 54 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے تین، ایڈم ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مہمان ٹیم 288 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 50ویں اوور میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نسیم شاہ، محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے دو، دو شکار کیئے جب کہ آغا سلمان ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان نے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں شے شکست دی تھی جب کہ دوسرے ون ڈے میں 7 وکٹوں سے پچھاڑا تھا۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی 12 سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز میں کامیابی ہے۔

پاکستان نے 2011 میں ورلڈ کپ سے قبل آخری بار نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

Read Comments