عدالت میں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، دہرا معیار کوئی تسلیم نہیں کرے گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
لندن میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان کا آئین میں دیا حق نہیں چھیڑا جاسکتا، پارلیمان اس وقت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، اداروں کو اپنے دائرے میں رہ کر آئینی کردار ادا کرنا چاہئے اسی میں پاکستان کی بقا اور عوام کی خوشحالی کا راز ہے۔
انھوں نے کہا کہ دوہرا معیار کسی بھی معاشرے کے لیے سود مند نہیں ہوسکتا، ماضی میں اپوزیشن کو جعلی مقدمات میں جیلوں میں بھجوایا گیا جس کا کوئی پرسان حال نہیں تھا، کسی کی ہمشیرہ کو چاند رات کو گرفتار کیا گیا، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج منٹوں میں درجنوں ضمانتیں ہوجاتی ہیں، یہ ایسا دہرا معیار ہے جسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ عدالت میں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے اور سب کو دکھائی دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ، پارلیمان اور دوسرے ادارے مل کر پاکستان کی خدمت کریں، ہم آئین کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادار کررہے ہیں، آئین کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم ان دنوں برطانیہ کا دورہ کررہے ہیں۔ شہبازشریف 6 مئی بروز ہفتے کو برطانوی حکومت کی دعوت پر برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی شاہی تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم لندن میں اپنے بھائی اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ وزیراعظم وطن واپسی سے قبل ترکیہ اور سعودی عرب بھی جائیں تاہم اس حوالے سے حتمی پروگرام ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔