’ہمارے کپتان اور واحد وزیراعظم کو ایسے گرفتار کیا گیا اور کتنا گرو گے؟‘
عمران خان کی گرفتاری پر کرکٹ اور شوبز سے وابستہ شخصیات بھی غم و غصے اور افسوس کا اظہار کر رہی ہیں۔
عمران خان کی گرفتاری کے فوری بعد اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگئے جب کہ سوشل میڈیا پر بھی عام افراد نے بھی ان کی گرفتاری کی مذمت کی جب کہ شوبز شخصیات بھی انہیں گرفتار کرنے پر سیخ پا دکھائی دیں۔
اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر عمران خان کی ایک ماضی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جیسا عمران خان کے ساتھ سلوک کیا جارہا، کوئی بھی اس کا مستحق نہیں ہے۔
اداکار عدنان صدیقی نے لکھا کہ ایک سابق وزیر اعظم کو کسی مجرم کی طرح گھسیٹنا شرمناک عمل ہے جس سے سخت صدمہ ہوا۔ 72 سال میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ایک سابق وزیر اعظم کو یوں گرفتار کیا جائے۔
اداکارہ ارمینا رانا خان نے کہا کہ جو ہورہا ہے وہ بہت قابل نفرت ہے اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں۔
گلوکار فرحان سعید نے ملکی صورتحال پر افسوس کا اظہار اور عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ جب عمران خان وزیرِ اعظم بنے تو بہت سے فنکاروں نے ان کی حمایت کی اور انہیں مبار کباد بھی دی یہاں تک کہ یہ لوگ ان سے ملاقات کرنے بھی گئے۔
فرحان سعید نےمزید لکھا کہ اب یا تو انہوں نے عمران خان کے بارے میں اپنی رائے بدل لی ہے جو کہ سب کا حق ہے یا پھر وہ بولنے سے گھبرا رہے ہیں جو کہ ایک تشویشناک بات ہے۔
گلوکارہ عینی خالد نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کے لیے باہر نکلیں۔ انھوں نے لکھا کہ عمران خان آپ کے لیے جیل میں ہیں اور وہ آپ کے آئینی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں ان کا ساتھ دیں۔
اداکارہ مایا علی نے عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان کا سیاہ دن قرار دیا اور لکھا کہ ہمارے کپتان اور واحد وزیراعظم کو ایسے گرفتار کیا گیا اور کتنا گرو گے؟
اداکارہ مشی خان نے عمران خان کی گرفتاری پر شدید برہمی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وہ جذباتی بھی ہوگئیں۔