Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 مئ 2023 09:53am

پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپے کے دوران پیٹرول بم پھینکنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی عبوری ضمانت خارج کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے چوہدری پرویزالہٰی کی دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست عدم پیروی پر خارج کی۔

لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حفاظتی ضمانت آج تک منظور کر رکھی تھی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی تھی۔

عدالت نے پی ٹی آئی صدر کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی صدر پرویز الہٰی کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن: پرویزالہٰی کی عبوری ضمانت میں توسیع

دوسری جانب اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن سے متعلق کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی حاضری معافی منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 25 مئی تک توسیع کردی۔

یاد رہے کہ چوہدری پرویزالہٰی پر بطور وزیراعلیٰ ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا الزام ہے۔

Read Comments