Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 مئ 2023 09:55am

اسلام آباد میں آج کسی اجتماع کی اجازت نہیں، پولیس کی پی ٹی آئی کو وارننگ

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی ریلی، اجتماع یا خطاب کی اجازت نہیں ہو گی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی سخت ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا، رینجرز، ایف سی اور پولیس کی بڑی تعداد تعینات ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالت کے باہر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہے۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق اسلام آباد کی جانب احتجاج کی کال دینے والوں سے گزارش ہے کہ نقص امن کا باعث نہ بنیں، اسلام آباد پولیس قیام امن عامہ کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، سیاسی ورکرز قانونی عمل میں رکائوٹ نہ بنیں، احتجاج کے لیے اکسانے والے افراد کی معلومات حاصل کی جارہی ہیں، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے گزشتہ شب پاکستان تحریک انصاف نے کہا گیا ہے کہ ’عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر سے ہزاروں پرامن پاکستانی کل صبح 10 بجے سری نگر ہائی وے G-13 اسلام آباد پر جمع ہوں۔‘

ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ ’اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد چیئرمین عمران خان کل اس مقام پر خطاب کریں گے۔‘

Read Comments