Aaj Logo

شائع 14 مئ 2023 01:32pm

حافظ نعیم دوسرا الطاف حسین بننے کی کوشش کر رہے ہیں، سعیدغنی

پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی ہمارا شہر ہے کسی کے باپ کا نہیں، حافظ نعیم دوسرا الطاف حسین بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوتا ہےتومقابلہ ہوتا ہے، ماضی میں حافظ نعیم کو جو سہولیات تھی وہ نہیں رہیں، میئر ہمارا بن رہا ہے تو ہم خوشی منائیں گے، آپ میئر نہیں بن رہے تو آپ خوشی نہ منائیں۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بلدیاتی قانون میں ترمیم کی حمایت کی تھی، پیپلزپارٹی نے2017 کی مردم شماری کی مخالفت کی تھی، اور وزیراعلی سندھ نے بھی احتجاج کیا تھا، حافظ نعیم الرحمان ہر بات سے مکر جاتے ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ حافظ نعیم دوسرا الطاف حسین بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا طرز عمل کسی طور بھی ٹھیک نہیں ہے، ہمارے لوگ جیت جائیں توانہیں قبضہ لگتا ہے، آپ الیکشن میں ہار گئے تو مان لیں کہ شکست ہوئی، ہمارا کراچی کا نتیجہ حیرت کن نہیں، کراچی ہمارا شہر ہے کسی کے باپ کا نہیں۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ یہ جماعت اسلامی والے بہت جھوٹ بولتے ہیں، کہتے ہیں مردم شماری میں پیپلزپارٹی نے گڑبڑ کی ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کا نتیجہ حیرت ناک ہے، ان کی نشستوں میں اضافہ ہوا ہے انہیں شکر ادا کرنا چاہئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر عوام کو ہنگاموں پر اکسایا گیا، اور پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں میں حراست میں تھا، مجھے کچھ نہیں پتا، پولیس اور عوام کی گاڑیوں کو جلایاگیا، کور کمانڈر کے گھر اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو وش یو آل دی بیسٹ کہا جاتا ہے۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 2014 میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا کہا تھا، وہ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر چل رہا ہے اور بھارت کی خواہش پرعمل پیرا ہے، جو کام ٹی ٹی پی نہیں کرسکی وہ اس نے کردیا۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گرد تنظیم سے زیادہ بڑی دہشت گردی کی، کوئی دہشتگرد تنظیم حملہ کرے تو آپریشن ہوگا، لاڈلا جو مرضی ہو وہ کرے پر اس کو ہر سہولیات ملیں گے، سوچنا ہو گا کہ ملک کو بچائیں یا لاڈلے کو بچائیں۔

Read Comments