Aaj Logo

شائع 18 مئ 2023 09:12am

زمان پارک میں دوپہر 2 بجے تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، نگراں وزیراطلاعات پنجاب

پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامرمیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کا پلان نہیں ہے، انہوں نے واضح کیا کہ آج دوپہر دو بجے سے قبل زمان پارک میں کارروائی نہیں ہو گی۔

عامرمیر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوزسے گفتگو میں کہا عمران خان کی گرفتاری کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے، وہ اشتعال دلانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل (آج) دوپہر2 بجے تک زمان پارک میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جائے گی۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ زمان پارک میں 30 سے 40 دہشتگرد موجود ہیں، 24 گھنٹے پورے ہونے پر حکمت عملی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہوسکتا ہے کہ عمران خان ان افراد کو ادھر ادھرکرلیں۔

عامرمیر نے دعویٰ کیا کہ ان افراد کو کور کمانڈرلاہور کے گھر پرتوڑ پھوڑ کے دوران زمان پارک سے ہدایات دی جا رہی تھیں۔ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو کور کمانڈر کی وردی ساتھ اٹھالائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوگا۔ کچھ لوگوں کا ٹرائل انسداد دہشتگردی کے تحت بھی ہو گا۔ ان کی جانب سے مزید رہائش گاہوں اور دفاتر کو بھی ہدف بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

عامر میرنے چیئرمین پی ٹی آئی پر واضح کیا کہ پنجاب پولیس زمان پارک میں چھپے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے صرف 4 پولیس والے لیکر نہیں جائے گی ۔ 40 تربیت یافتہ دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے کم از کم 400 پولیس والوں کو جانا ہو گا۔

نگراں وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ، ’خان صاحب کے جواب کا انتظار رہے گا‘۔

Read Comments