Aaj Logo

شائع 22 مئ 2023 11:19am

محکمہ موسمیات نے ملک کے کن علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج قائم تاہم محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم شام کے وقت شمال مشرقی اور وسطی بلو چستان، بالائی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں آندھی چلنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

مغربی ہوائیں آج سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، 22 مئی سے 26 مئی کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات پر آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی امکان ہے۔

اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارش کے باعث ملک میں جاری گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے، ساتھ ہی کھڑی فصلوں اور کمزور اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسیات کے مطابق سب سے زیادہ گرمی جیک آباد میں پڑی جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، سبی 48، دادو، رحیم یار خان، سکھر، خیر پور اور لاڑکانہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Read Comments