Aaj Logo

شائع 22 مئ 2023 03:18pm

کوہلی کی ٹیم آئی پی ایل سے باہر: مداح شبمن گل اور فیملی پر برس پڑے

انٹرنیشنل پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے بھارتی کرکٹر شبمن گل اور ان کی بہن شاہنیل گل کے لیے سوشل میڈیا پر نامناسب زبان کا استعمال اور انہیں بدسلوکی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کا 70 واں اور پہلے راؤنڈ کا آخری میچ گزشتہ روز گجرات ٹائٹنز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان کھیلا گیا جس میں آر سی بی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 197 رنز بنائے، جس میں ویرات کوہلی کی 61 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔

کوہلی کی ٹیم کے لیگ سے باہر ہونے پر کوہلی کے مداح سوشل میڈیا پر آپے سے باہر ہوگئے اور آر سی بی کی شکست کی وجہ شبمن گل کو قرار دے دیا۔

کچھ صارفین نے کرکٹرکی بہن شاہنیل گل کو بھی نہ چھوڑا اور شاہنیل کی 4 ہفتے قبل اسٹیڈیم میں لی گئی تصویر پر منفی تبصروں کی لائن لگ گئی۔

گجرات ٹائٹنز کی جانب سے اوپنر شبمن گل نے 52 گیندوں پر دھواں دھار 104 رنز بنا ڈالے اور کپتانی اننگز کھیلنے کے باعث ٹائٹنز کو فتح حاصل ہوئی جبکہ رائل چیلنجرز بنگلور لیگ سے باہر ہوگئی۔

ویرات کوہلی کے مداحوں نے نہ صرف شاہنیل کو نشانہ بنایا بلکہ ان کی پوسٹ پر شبمن کے لیے بھی انتہائی غلط زبان استعمال کی۔

Read Comments