ماڈل ٹاؤن کچہری لاہور میں آتشزدگی، 40 سے زائد وکلاء کے چیمبرز جل کر خاکستر

وکلاء کا واقعے کی تحقیقات اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 27 مئ 2023 12:01pm

ماڈل ٹاؤن کچہری لاہور میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے 40 سے زائد وکلاء کے چیمبرز جل کر خاکستر ہوگئے جبکہ وکلاء نے واقعے کی تحقیقات اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ کر دیا۔

ماڈل ٹاؤن کچہری لاہور میں نماز فجر کے وقت پل کے نیچے واقع وکلاء کے چیمبرز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پل کے نیچے واقع 40 کے قریب دفاتر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

لوہے اور فائیبر شیٹ سے بنے دفاتر میں لگی آگ کی زد میں لاکھوں روپے کا سامان اور ضروری کاغذات جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

ریسکیو نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر آگ پر قابو پایا تاہم آتشزدگی کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی انتظامیہ آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات اور ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔

وکلاء اور ان دفاتر میں کام کرنے والے افراد راکھ میں سے اپنا قیمتی سامان ڈھونڈتے رہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا، فائبر، کاغذ اور لکڑی کا فرنیچر ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی۔

Read Comments