Aaj Logo

شائع 29 مئ 2023 02:31pm

این سی اے اسکینڈل : عمران خان کی اسلام آبادہائی کورٹ پیشی پر سرکلر جاری

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ این سی اے اسکینڈل کیس کی سماعت 31 مئی کو ہوگی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤئڈ این سی اے اسکینڈل کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت31 مئی کو ہوگی، جس میں عمران خان پیش ہوسکتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی 31 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممکنہ پیشی پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر رجسٹرار اسلام آباد ہائی نے سرکلر جاری کر دیا ہے، اور آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کر دی ہے۔

سرکلر کے مطابق عمران خان کی ایک کیس میں عبوری ضمانت کی سماعت 31 مئی دن دو بجے ہو گی، دوسرے کیسز میں عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت 31 مئی دن 2:30 بجے ہوگی۔

سرکلر کے مطابق کورٹ روم نمبر 3 میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا، تاہم ہائی کورٹ کے ملازمین، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ 15 وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، جب کہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاء کمرہ عدالت جاسکیں گے۔

سرکلر کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی، خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔

سرکلر کے مطابق عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت اسپیشل ڈویژن بینچ کرے گا، جسٹس میاں گل حسن اور جسٹس ثمن رفعت سماعت کریں گی۔

Read Comments